Biography Mufti Badare Alam Misbahi jamia Ashrafia تعارف حضرت بدرالعلما مفتی بدرعالم مصباحی

 Biography Mufti Badare Alam Misbahi jamia Ashrafia
 تعارف حضرت بدرالعلما مفتی بدرعالم مصباحی


چمنستان حضور حافظ ملت، ازہر ہند جامعہ اشرفیہ مبارک پور، اعظم گڑھ-یوپی (انڈیا) دنیاےسنیت کا وہ عظیم قلعہ ہے، جسے سیدی سرکار حضور حافظ ملت علیہ الرحمہ نے دین کے فروغ و استحکام اور اسلام کی تبلیغ و اشاعت کی خاطر اپنے خون جگر سے سینچا ہے۔ اور الحمد اللہ آج جامعہ اشرفیہ ان کے خوابوں کو شرمندۂ تعبیر کرنے میں کس قدر کامیاب ہے یہ کسی سے مخفی نہیں، یہ سب فیضان حضور حافظ ملت ہے اور ارباب حل و عقد بالخصوص حضور عزیز ملت حضرت علامہ شاہ عبد الحفيظ مصباحی صاحب قبلہ سربراہ اعلیٰ جامعہ اشرفیہ مبارک پور کی دور اندیشی کا؛ جو فکر و تدبر، فہم و فراست کو بروئے کار لاتے ہوئے ادارہ کو عمدہ اور بہترین ناظم و صدر دینے میں کامیاب رہے ہیں۔ چناں چہ اس سے قبل خیرالاذکیاء حضرت علامہ محمد احمد مصباحی، محقق مسائل جدیدہ حضرت مفتی محمد نظام الدین رضوی ـ اطال اللہ عمرھما ـ کاحسن انتخاب جیتا جاگتا ثبوت ہے ۔ جنھوں نے اپنی جہد مسلسل اور عمل پیہم سے جامعہ کی ترقی کو اوج ثریا پر پہنچانے کے سلسلے میں حتیٰ المقدور کوششیں فرمائی ہیں ۔

Biography Mufti Badare Alam Misbahi jamia Ashrafia
 تعارف حضرت بدرالعلما مفتی بدرعالم مصباحی

ان دونوں عبقری شخصیات کی ملازمت سے سبکدوشی کے بعدسابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اراکین جامعہ نے عہدہ صدارت کے لیے بدر العلما حضرت علامہ مفتی بدر عالم مصباحی صاحب کا انتخاب فرما کر اپنی ذمہ داریوں کا حق ادا فرمایا۔ *مجلسِ علماے جھارکھنڈ کے تمام اراکین* اس مبارک و مسعود موقع پر حضور مفتی صاحب قبلہ و سربراہ اعلیٰ صاحب کی بارگاہ میں ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے؛ امید قوی رکھتے ہیں کہ حضرت جامعہ اشرفیہ کو مزیدترقی کی راہ پر گامزن فرمائیں گے۔ رب تعالیٰ حضرت کی عمر و اقبال میں برکتیں عطا فرمائے اور حاسدین کی حسد سے محفوظ فرمائے۔ آمین ثم آمین بجاہ سید المرسلین علیہ الصلاۃ و التسليم.

*من جانب: مجلسِ علماے جھارکھنڈ.*


ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*حضرت مفتی بدر عالم مصباحی ــــ حیات زندگی کے نمایاں گوشے*


*نام:* بدر عالم ،

*والد کا نام :* محمد سمیع –


*سلسلہ نسب:* بدر عالم بن، محمد سمیع بن عبد اللہ.


*ولادت:* آپ کی ولادت با سعادت ٥ ؍ نومبر ۱٩٦۵ء کو نواری بازار ، جہانگیر گنج، امبیڈکر نگر (یوپی ـ انڈیا ) میں ہوئی۔

*تعلیمی سفر:* آپ نے اپنی ابتدائی تعلیم کا آغاز اپنے گاؤں ہی کے مدرسہ برکت العلوم، نواری بازار سے کیا،جہاں پرائمری اور ابتدائی فارسی کی تعلیم حاصل کی ، اس کے بعد مزید تعلیم کے حصول کے لیے مختلف مدارس میں داخلہ لیا، اعدادیہ، اولی اور ثانیہ کی کتابیں دارالعلوم نداے حق، جلال پور میں پڑھیں ، بعدہ جامعہ عربیہ اظہار العلوم، نیابازار، جہانگیر گنج، امبیڈ کر نگر میں داخلہ لیا، جہاں تین سال تک اپنی علمی تشنگی بجھاتے رہے اور ثانیہ سے عالمیت تک کا

کورس مکمل کیا۔


*جامعہ اشرفیہ میں داخلہ اور فراغت:* متعدد مدارس کے نامور اساتذہ کرام سے شرف تلمذ حاصل کرتے ہوۓ

عالمیت تک کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد اپنی علمی پیاس بجھانے اور اس فن میں مزید نکھار لانے کی خاطر آپ نے ۱۹۸۳ء میں چمن عزیزی کی بافیض درس گاہ باغ فردوس الجامعۃ الاشرفیہ مبارک پور کے لیے رخت سفرباندھا اور یہاں داخلہ لے کر تقریباً دو سال تک وقت کے مایہ ناز علماو مشائخ کی بار گاہوں میں بڑے انہماک اور محنت و لگن کے ساتھ سابعہ اور فضیلت کی کتابیں پڑھتے رہے، اور١٩٨٤ء میں عرس حضور حافظ ملت علیہ الرحمہ کے موقع پر علماو مشائخ کے ہاتھوں دستار فضیلت سے نوازے گئے ۔


*بیعت و خلافت:* حضور احسن العلما علامہ سید شاہ مصطفیٰ حیدر حسن مارہروی علیہ الرحمہ کے دست مبارک پر بیعت کی ۔ آپ کو چند بزرگان دین سے اجازت و خلافت بھی حاصل ہے، جن کے اسماے گرامی یہ ہیں: شارح بخاری حضرت مفتی محمد شریف الحق امجدی علیہ الرحمہ ، عزیز ملت علامہ شاہ عبد الحفیظ صاحب قبلہ (سر براہ اعلی الجامعۃ الاشرفیہ ) ، حضرت علامہ محمد علی صاحب سجادہ نشین خانقاہ تیغی سر کانہی شریف، مظفر پور ، بہار ۔


*تدریسی خدمات:* جامعہ اشرفیہ سے فراغت کے بعد سب سے پہلے جامعہ حنفیہ غوشیہ، بجر ڈیہ، بنارس میں ٦؍ سالوں تک درس نظامی کی اہم کتابیں پڑھاتے رہے ، فی الحال جامعہ اشرفیہ مبارک پور میں ٢٩/٢٨ سالوں سے تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں، ابتدامیں در جہ خامسہ تک کی کتاہیں زیر درس رہیں پھر بتدریج سادسہ، سابعہ ، فضیلت و تحقیق اور مشق افتا کے طلبہ کو اپنے علمی فیضان سے بہرور کرتے رہے اور اب تحقیق کے طلبہ کو خصوصی درس دے رہے ہیں۔ اور اب ماشاء اللہ محقق مسائل جدیدہ حضرت مفتی محمد نظام الدین رضوی مصباحی صاحب قبلہ کے ریٹائرمنٹ کے بعد ۲۰۲۱ء میں “پرنسپل” کے عہدے پر فائز ہوئے۔


*تبلیغی خدمات:* آپ نے دین اسلام کی ترویج واشاعت اور مسلک اعلیٰ حضرت کے فروغ کے لیے ملک و بیرون ملک کئی اسفار کیے ، جن میں سری لنکا، تھائی لینڈ ، ترکی ، دبئی اور نیپال قابل ذکر ہیں ۔ کولمبو، سری لنکا میں تقریباً ڈیڑھ ماہ تک قیام فرمایا اور امامت و خطابت کے فرائض انجام دیے ، وہاں کے مسلمانوں میں دینی جذبہ بیدار کرتے رہے اور سنی مسلمانوں کو اپنے مذہب و مسلک میں تصلب برتنے ، بد مذ ہبوں سے دوری اور مسلک اعلیٰ حضرت پر مضبوطی سے قائم رہنے کی تلقین فرماتے رہے ۔ سری لنکاہی میں قیام کے دوران آپ نے اصول فقہ کے مباحث پرمشتمل ایک مختصر اور جامع کتاب بنام ’’ اصول فقہ حنفی “ ترتیب دیا، جس کی افادیت اس کتاب کا مطالعہ کرنے والوں پر مخفی نہیں ہے ۔ یہ کتاب متعلم اور معلم دونوں کے لیے یکساں مفید ہے ۔

بنکاک، تھائی لینڈ میں دین و سنیت کے حوالے سے آپ نے جو کارنامے اور خدمات انجام دیے ہیں وہ بھی ناقابل فراموش ہیں ۔ اس کے علاوہ ہندوستان کے اکثر صوبوں کا تبلیغی دورہ فرمایا اور مسلک و مذ ہب کے تعلق سے اپنی ذمہ داری نبھانے کی بھر پور کوشش فرمائی، جن میں وہ صوبے جہاں دین و سنیت تبلیغ و اشاعت کے لیے آپ کا بار با جانے کا اتفاق ہوا، یہ ہیں:کیرالا،کشمیر، گجرات، مدراس، آندھرا پردیس ، تلنگانہ ، مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، چھتیں گڑھ ، اڈیشا، ہریانہ ، پنجاب ، بنگال بہاراور جھارکھنڈ۔


*تصنیفی خدمات:* آپ نے مختلف موضوعات پر متعدد کتابیں اور مقالات لکھیں،جن میں سے کچھ تو زیور طبع سے آراستہ ہو چکی ہیں اور کچھ کسی وجہ سے تشنہ طباعت ہیں ۔ آپ کے رشحات قلم سے وجود میں آنے والی وہ کتابیں جو منظر عام پر آچکی ہیں، ان کے نام یہ ہیں: (۱) اصول فقہ حنفی (۲) مصباح الفرائض (۳) عیدوں کی عید (۴) مسئلہ اقامت میں وہابیوں کا فریب (۵) فردوس نسواں (۲) عور تیں حج کیسے کریں ؟(۷) نماز کے اہم مسائل (۸)۲۷ ؍ ویں رجب کی شرعی حیثیت اور وہ کتابیں جواب تک طباعت کے مرحلہ سے نہیں گزریں، یہ ہیں:

(۱) شرح قدوری – عربی، (۲) پیام انسانیت ، (۳) اسلامک جنرل نالج، شرح قدوری:خیر الاذکیاعلامہ محمد احمد مصباحی کے حکم پر فقہ حنفی کی مشہور اور تقریباً دنیا بھر کے مدارس اسلامیہ میں پڑھائی جانے والی کتاب “مختصر القد وری‘‘ کی عربی زبان میں شرح لکھی۔ اس کتاب میں قدوری کے گنجلک اور پیچیدہ مسائل کو نہایت واضح اور آسان انداز میں بیان کیا ہے۔ مفتی بہ اقوال کو فقہ حنفی کا انسائیکلو پیڈیا ”فتاوی رضویہ“ بہار شریعت ‘‘کی روشنی میں بیان کرنے کا التزام فرمایا ہےـ

اللہ تبارک وتعالیٰ بدرالعلما حضرت مفتی بدر عالم مصباحی صاحب قبلہ کی عمر میں برکتیں عطا فرمائے، ان کی حفاظت فرمائے اور ان کے ذریعے جامعہ اشرفیہ کو خوب خوب ترقی عطا فرمائے. آمین یارب العالمین بجاہ سیدالمرسلین – ﷺ –


٦/ذی الحجہ ١٤٤٢ھ

بروز سنیچر.

١٧/جولائی ٢٠٢١ء

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی